ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / کانگریس جھوٹ بولنے والی مشین بن گئی ہے: بی جے پی صدر اجئے بھٹ کا خیال

کانگریس جھوٹ بولنے والی مشین بن گئی ہے: بی جے پی صدر اجئے بھٹ کا خیال

Sat, 16 Mar 2019 02:32:32  SO Admin   S.O. News Service

دہرادون:15 /مارچ (ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) کانگریس کی جانب سے لگائے گئے ایک کے بعد ایک الزام سے بی جے پی میں غالبا بوکھلاہٹ پائی جارہی ہے جس کے نتیجے میں اتراکھنڈ بی جے پی نے جمعہ کو الزام لگایا کہ کانگریس ایک جھوٹ بولنے والی مشین بن گئی ہے اور رافیل اور بالاکوٹ فضائی حملے کے مسائل پر اس کا رخ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں اس کو مہنگا پڑنے والا ہے۔

اتراکھنڈ صوبہ کے بی جے پی صدر اجے بھٹ نے کہاکہ کانگریس ایک جھوٹ بولنے والی مشین بن گئی ہے۔عوام کو گمراہ کرنے کے لئے انہوں نے رافیل سودے پر ایک کے بعد ایک جھوٹ بولے۔ اس سودے پر سپریم کورٹ کی طرف سے حکومت کو کلین چٹ دیے جانے کے بعد بھی اس پارٹی نے اس معاملے پر جھوٹ پھیلانا بند نہیں کیا۔ انہوں نے کہاکہ جھوٹ پھیلانا اس پارٹی کو آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بہت مہنگا ثابت ہونے والا ہے۔ بھٹ نے کہاکہ کانگریس کے ان جھوٹو ں کو عوام سمجھ چکی ہے اور انتخابات میں انہیں پوری طرح خارج کرنے کے موڈ میں ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ عوام نریندر مودی کو دوبارہ وزیر اعظم بنانے کے موڈ میں ہے اور کہا کہ ملک  صرف مودی کے ہاتھوں میں محفوظ ہے۔ بی جے پی لیڈر نے کانگریس پر پختگی کی کمی اور غیر ذمہ دار ہونے کا بھی الزام لگایا۔انہوں نے کہاکہ پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے بعد بھارتی فضائی حملے کو لے کر جس طرح سے کانگریس نے سوالات اٹھائے، اس سے کانگریس قیادت کی پختگی کی کمی کی عکاسی ہوتی ہے۔حالت جنگ میں، چاہے وہ کسی بھی سطح کی ہو، ملک کو ایک سر میں بولنا چاہئے لیکن کانگریس نے اس کے برعکس راہ اختیار کی۔ بھٹ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ریاست کی پانچوں لوک سبھا سیٹوں پر 2014 کی طرح اس بار بھی بی جے پی ہی جیتے گی۔


Share: